ملتان میں شٹ ڈاؤن کو جواز بنا کر طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع

Last Updated On 03 July,2020 10:05 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں میپکو نے شٹ ڈاؤن کو جواز بنا کر طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے گھریلو معاملات زندگی اور کاروبار متاثر ہونے پر صارفین کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

ملتان میں میپکو بجلی کا شارٹ فال ماننے کو تیار نہیں لیکن اس کے باوجود شٹ ڈاون کی وجہ بتائے بغیر ہی شہری علاقوں میں 4 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے تاہم ٹرپنگ کا سلسلہ علیحدہ ہے جس سے الیکٹرونکس کا قیمتی سامان جلنا بھی معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے گھریلو اور کمرشل صارفین دوہری اذیت کا شکار ہو چکے ہیں۔

میپکو حکام بجلی کی بندش پر مناسب جواب نہ ہونے پر موقف دینے کو تیار نہیں تاہم ترجمان وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ میپکو کے لائن لاسز بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں جس کو کنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ سب ڈویثزن کے افسران اوور بلنگ سمیت کئی فارمولے لگا رہے ہیں جس سے محکمے کیخلاف شکایات کی شرح کافی حدتک بڑھ گئی ہے جسے حل کرنے کی کاوشیں کر رہے ہیں۔

بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے دن کا سکون اور رات کی نیندیں اڑا دی ہیں جس پر صارفین کا میپکو کیخلاف غم وغصہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
 

Advertisement