کوئٹہ: (دنیا نیوز) ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی آٹے کا بحران سنگین ہونے لگا، چکی کا آٹا 10 اور فائن 5 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا ہے، محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملز اور چکی والوں کو گندم فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔
کوئٹہ میں مہنگائی کے نئے طوفان نے شہریوں کو پریشان کر دیا، گندم کی فضل منڈی آ جانے کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں چکی کے آٹے کا 20 کلو والا تھیلہ 200 کے اضافے بعد ایک ہزار 200 اور فائن آٹے کا تھیلہ 100 کے اضافے سے 1080روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مہنگائی کے مارے لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کیوں کچھ نہیں کرتی۔
محکمہ خوراک بلوچستان نے رواں سال لاکھوں ٹن گندم خریدی ہے، فلور ملز اور چکی مالکان کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر انہیں گندم فراہم نہیں کی جا رہی ہے جس کے باعث اوپن مارکیٹ سے گندم مہنگے داموں خرید کر آٹا فروخت کرنے پر مبجور ہیں۔
محکمہ خوراک کےحکام کا آٹا بحران کے حوالے سے موقف ہے کہ سرکاری گندم گوداموں میں موجود ہےاور بحران پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔