کراچی: (دنیا نیوز) لاک ڈاون کے باوجود جولائی میں ایکسپورٹ تقریبا 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، مشیر تجارت رزاق داود نے برآمدات میں اضافے کو بڑی کامیابی قرار دے دیا۔
جولائی 2020 میں برآمدات 5 اعشاریہ 8 فیصد اضافے سے تقریبا 2 ارب ڈالر رہی جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں برآمدات ایک ارب 88 کروڑ ڈالر رہی تھی۔ دوسری جانب جولائی 2020 میں ملکی درآمدات 4 اعشاریہ 2 فیصد کمی کے بعد 3 ارب 54 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ جولائی 2019 میں درآمدات 3 ارب 69 کروڑ ڈالر رہی تھی۔
اس طرح رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں تجارتی خسارہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 14 اعشاریہ 7 فیصد کمی کے بعد ایک ارب 54 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
مشیر تجارت رزاق داود نے برآمدات میں اضافے کو بڑی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ چار ماہ سے برآمدات میں کمی واقع ہو رہی تھی مگر لاک ڈاون کے باوجود برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے۔ میک ان پاکستان کے نام سے برآمدات میں مسلسل اضافے ہورہا ہے۔