کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں یوم استحصال کے موقع پر نکالی گئی ریلی میں ہونے والے دھماکے سے پانچ افراد زخمی ہو گئے جنھیں امدادی ٹیموں نے ہسپتال منتقل کیا.
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز فوری طور پر حرکت میں آئیں اور موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا جبکہ موقع پر بھی زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی ریلی گلشن اقبال کے علاقے سے گزر رہی تھی کہ اچانک بیت المکرم مسجد کے قریب دھماکا ہوگیا۔ دھماکا ریلی میں کھڑی موٹر سائیکل کے قریب ہوا۔ واقعہ کے بعد ریلی کو روک دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں 5 افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دھماکے کی جگہ کو مکمل طور پر خالی کروایا جا چکا ہے۔