ملک بھر میں اگست میں مہنگائی کم ہو کر 8.2 فیصد پر آ گئی

Published On 01 September,2020 07:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ادارہ شماریات نے ماہ اگست کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ میں مہنگائی کم ہو کر 8.2 فیصد پر آ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2020 میں مہنگائی کی شرح 9.3 فیصد تھی، اگست 2019 میں مہنگائی کی شرح 10.5 فیصد تھی، جولائی تا اگست 2020 مہنگائی کی شرح 8.7 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کے مطابق اگست میں ماہانہ بنیاد پر شہروں میں چکن 36.4 فیصد سستا ہوا، ٹماٹر 31.8 فیصد، تازہ پھل 23 فیصد سستے ہوئے، دال مونگ 6.5 فیصد، سبزیاں 2.7 فیصد سستے ہوئے۔ اگست میں ماہانہ بنیاد پر دال مسور، دال چنا، کوکنگ آئل بھی سستا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق اگست میں سالانہ بنیاد پر شہری علاقوں میں پیاز 38.6 فیصد سستے ہوئے، چکن 27 فیصد،موٹر فیولز 10.5 فیصد سستا ہوا، اگست میں سبزیاں اور تازہ پھل بھی سستے ہوئے، اگست میں ماہانہ بنیاد پر چینی 13.53گندم 12 فیصد مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق اگست میں بجلی کے اخراجات 11.6فیصد، آلو 5.8 فیصد مہنگے ہوئے۔ پیاز 10.4فیصد، تازہ دودھ 4.8 فیصد مہنگے ہوئے، اگست میں سالانہ بنیاد پر آلو 62.4، گندم 44.3 مہنگے ہوئے، اگست میں سالانہ بنیاد پر دال مونگ 35.6 فیصد مہنگی ہوئی۔ اگست میں سالانہ بنیاد پر چینی 28 فیصد مہنگی ہوئی، تازہ دودھ 15، کوکنگ آئل 11 فیصد مہنگا ہوا۔