سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی، 41 ہزار کی نفسیاتی حد دوبارہ بحال

Published On 29 September,2020 04:20 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 463.41 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے بعد 41 ہزار کی نفسیاتی حد دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد ملکی سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا تھا جس کے اثرات حصص مارکیٹ پر بھی دیکھنے کو ملے تھے اور انڈیکس 960 پوائنٹس گر گیا تھا، بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے 164 ارب روپے ڈوب گئے تھے۔

رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران گرتے ہوئے دام دیکھنے کے بعد سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ میں حصہ لیا، جس کے باعث سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے کو ملی، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 94.63 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی تاہم دوپہر بارہ بجے تک غیر یقینی صورتحال کے باعث تیزی کی طرف سے جانے والی مارکیٹ میں مندی کی واپسی ہوئی اور انڈیکس میں 83.5 پوائنٹس کی تنزلی ریکارڈ کی گئی۔

مندی کے باعث ایک موقع پر انڈیکس 40389.80 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا تھا تاہم دوپہر دو بجے کے بعد کاروباری میں سرمایہ کاروں نے دلچسپی لی، جس کے باعث زبردستی تیزی دیکھنے کو ملی اور انڈیکس 700 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 41445.47 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 463.41 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی اور انڈیکس 41 ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرنے کے بعد 41204.36 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.14 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 24 کروڑ 36 لاکھ 83 ہزار 541 شیئرز کا لین دین ہو، یہی وجہ ہے کہ دوران ٹریڈنگ مارکیٹ میں 700 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ۔