مہنگائی کے لنڈا بازار میں بھی مستقل ڈیرے، قیمتوں میں 60 فیصد تک اضافہ

Published On 12 November,2020 09:42 am

لاہور: (دنیا نیوز) مہنگائی نے لنڈے بازار میں بھی مستقل ڈیرے ڈال لئے، جوتوں، جیکٹوں اور سویٹرز کے علاوہ دیگر استعمال شدہ اشیا کی قیمتوں میں 30 سے 60 فیصد تک اضافہ ہو گیا جس کے سبب خریداروں کا رش ہونے کے باوجود خریداری نہ ہونے کے برابر ہے۔

یوں تو ہرموسم میں ہی لنڈا بازار شہریوں کی بڑی تعداد کے لیے بڑا سہارا ہوتے ہیں لیکن تن ڈھانپنے کے لیے سردیوں میں لنڈے بازاروں کا رخ کرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ یہ عالم اِن دنوں بھی دکھائیدے رہا ہے لیکن اکثریت خریداری کے بغیر ہی یہاں سے واپس لوٹ رہی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق استعمال شدہ جوتوں، جیکٹوں، کوٹ اور دیگراشیاکی قیمتوں میں 30 سے 60 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ اچھا کوٹ 4 سے 6، جوتے 200سے 500، جیکٹیں 2 سے 3 سو روپے کے درمیان فروخت ہورہے ہیں۔ اِسی تناسب سے دیگر اشیا کے نرخوں میں بھی بہت اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

یہ صورت حال اُن کے لیے بھی تشویش کا باعث ہونی چاہیے جن کے نزدیک مہنگائی ابھی بھی بہت بڑا مسئلہ نہیں ہے۔