فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بلڈنگ میٹریل کی قیمتوں میں خود ساختہ طور پر اضافہ کر دیا گیا، اپنی چھت بنانے کے خواہشمند شہری پریشانی کا شکار ہو گئے۔
تبدیلی سرکار کے دور میں اپنا گھر بنانا بھی محال ہو گیا۔ بلڈنگ میٹریل مافیا نے قیمتوں کو پر لگا دیئے۔ اینٹوں کی قیمتیں بے قابو ہوئیں تو ساتھ ہی سیمنٹ، ریت، بجری، ٹی آر، گارڈر اور سریا کی قیمتیں بھی بے تحاشا بڑھ گئیں۔ شہری کہتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عرصہ سے زیر تعمیر مکان التواء کا شکار ہیں۔
متعلقہ اداروں کی چشم پوشی کے باعث بلڈنگ میٹریل کے ہر دکاندار نے سیمنٹ، ریت، بجری کے اپنے ہی خودساختہ ریٹ مقرر کر رکھے ہیں۔ قیمت پر بحث و تکرار کرنے والوں کو سامان دینے سے ہی انکار کر دیا جاتا ہے جبکہ ضلعی انتظامی افسران نے ذمہ داری لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں چیک ہی نہیں کرسکتے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت تعمیراتی شعبہ کو خصوصی ریلیف فراہم کرنے کے دعووں کو عملی جامہ پہنائے اور بلڈنگ میٹریل کی دکانوں کو بھی قانونی دائرہ کار میں لایا جائے تو ہی عوام کو سستی اشیاء مل سکیں گی۔