فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں سرعام ہونے والی گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ آئے روز حادثات کا باعث بننے لگی۔ اسکے باوجود حکام گیس ری فلنگ کے غیر قانونی دھندے کی روک تھام میں ناکامی کا شکار ہے۔
فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام گیس سلنڈرز کی غیرقانونی ری فلنگ کرنے والے مافیا کے آگے بے بس ہوگئے۔ شہر کے متعدد رہائشی علاقوں اور مین شاہراہوں پر ہونے والی گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ آئے روز جان لیوا حادثات کا باعث بھی بننے لگی ہے۔ اس کے باوجود حکام اس مافیا کو لگام ڈالنے اور غیر قانونی دھندے کی روک تھام میں ناکامی کا شکار ہیں جس پر شہری بھی حکام کو کوستے دکھائی دیتے ہیں۔
معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری کہتے ہیں کہ سول ڈیفنس حکام کو گیس ری فلنگ کی روک تھام کیلئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ جلد صورتحال کنٹرول کرلی جائے گی۔ گیس سلنڈر کی غیر قانونی ری فلنگ کے دوران آئے روز سلنڈر بلاسٹ اور آگ لگنے کے واقعات سامنے آنے کے باوجود بھی انتظامیہ کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔