ساہیوال: (دنیا نیوز) ساہیوال میں گزشتہ روز آٹھ سالہ بچی کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا۔ والد ،چچا،پھوپھی اور پھوپھا کمسن بچی کے قاتل نکلے۔ ملزمان نے مخالفین کو مقدمے میں پھنسانے کیلئےمعصوم کی جان لی۔
تفصیل کے مطابق ساہیوال گزشتہ روز اغوا کے بعد قتل ہونے والی دوسری کلاس کی کمسن طالبہ رخسانہ کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔ مقتولہ رخسانہ کو اس کے باپ، چچا، پھوپھی اور پھوپھا نے گھر میں قتل کر کے لاش بوری میں ڈال کر گھر کے باہر پھینکی۔
پولیس ذرائع کے مطابق بچی کو چھوٹی کلہاڑی کے ساتھ رات کو گھر میں بے دردی سے قتل کیا گیا۔ پولیس نے گھر سے بچی کے جوتے، خون اور آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ والد اور رشتہ داروں نے مقدمہ بازی کی رنجش پر اپنی ہی بیٹی کو قتل کیا۔ پولیس ہڑپہ نے مقتولہ کے والد اور پھوپھی کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ کار تمام رشتہ داروں تک بڑھا دیا ہے۔