اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا سے زرمبادلہ کمانے والوں کے لیے بری خبر ہے کہ ان کی آمدن پر 15 فی صد انکم ٹیکس لگانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر ذرائع کی آمدن پر ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنے کی تجویز ہے۔ ساری آمدن جیب میں نہیں جائے گی۔ حکومت آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے پر رضامند ہے۔ انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنے پر آئی ایم ایف کا دباؤ ہے۔ حکومت بیرون ملک آمدن پر 17.5 ٹیکس اور چارجز لگانے پر غور کر رہی ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا کی آمدن پر 15 فی صد انکم ٹیکس عائد کرنے کی تیاریاں ہیں، بیرون ملک آمدن بھی اسٹیٹ بینک میں لانا ہوگی اور فارن کرنسی اکاؤنٹ کھولا جائے گا۔ یکم جنوری سے صرف متعلقہ بینک اکاؤنٹ میں ہی رقم آئے گی۔ بیرون ملک ترسیلات لانے والی ویسٹرن یونین سروس ختم کردی جائے گی۔ بیرون ملک آمدن پر اب تک کوئی ٹیکس نہیں ہے ۔
اسٹیٹ بینک کے ذریعے آمدن پر 2 سے 2.5 فی صد ٹیکس بھی عائد ہوسکتا ہے۔ مجموعی طور 8 ارب روپے کا انکم ٹیکس حاصل ہوسکتا ہے۔