خیبرپختونخوا: اپوزیشن کا احتجاج، وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے چائے سے تواضع

Published On 08 December,2020 03:38 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے ترقیاتی فنڈز اور دیگر حقوق کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کیمپ لگا دیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے چائے اور کیک سے تواضع کی گئی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے کرسیاں سجا کر احتجاجی کیمپ لگا دیا۔ ساؤنڈ سسٹم پر مختلف پارٹیوں کے ترانے بھی بجائے گئے۔

احتجاجی کیمپ میں جے یو آئی، اے این پی، پیپلز پارٹی، ن لیگ، جماعت اسلامی سمیت دیگر پارٹیوں کے رہنماء شریک ہوئے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ صوبے کو مالی طور پر بد حال کر دیا ہے، اپوزیشن کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کسی صورت قبول نہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے احتجاج کے دوران وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے چائے اور کیک بھی یش کیا گیا۔ اپوزیشن ممبران سے سرد موسم میں گرم گرم چائے کا خوب مزہ لیا۔

اپوزیشن اراکین نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن ختم ہونے اور اموات پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واقعہ کی انکوائری رپورٹ کو مسترد کر دیا۔