پشاور: آکسیجن کی کمی سے اموات کے بعد دیگر ہسپتالوں میں بھی ہنگامی اقدامات

Published On 08 December,2020 09:10 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث اموات نے دیگر سرکاری ہسپتالوں کو بھی متحرک کر دیا، ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیئے گئے، شہری کہتے ہیں ہیلتھ ایمرجنسی کا دعویٰ کرنے والی حکومت اپنے ہسپتالوں سے بے خبرہے۔

پشاور کے دوسرے بڑے ہسپتال خیبر ٹیچنگ میں آکسیجن کی کمی کے مسائل اور اموات کے واقعہ کے بعد دیگر سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی بیشی کی چیکنگ کا عمل بھی شروع کردیا گیا۔ صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ میں آکسیجن سے متعلق امور کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے گئے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے آکسیجن پلانٹ کے 3 ٹینک ہیں، ایک ہفتے تک بیک اپ موجود رہتا ہے، اس کے علاوہ 400 آکسیجن سلنڈربھی موجود ہیں۔

شہریوں نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی اورقیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیلتھ ایمرجنسی کے دعوے کرنے والی حکومت اپنے ہی سرکاری ہسپتالوں سے بے خبرہے۔

پشاورکے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں آکسیجن بڑی مقدار میں موجود ہے جبکہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں بھی کمی کو پورا کرلیا گیا ہے۔