گرمی سے پہلے پھر مہنگائی، پنکھے، ائیر کولر اور اے سی کے ریٹ میں 15 ہزار تک اضافہ

Published On 11 March,2021 09:47 am

لاہور :(دنیا نیوز) لاہور میں پنکھے، ائیر کولر، اے سی اور فریج بھی مہنگے کر دئیے گئے۔ مختلف کمپنیوں کی مصنوعات کی قیمت میں ایک ہزار روپے سے لے کر 15 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا۔ مہنگائی زدہ صارفین بولے غریب بندہ اب ائیر کولر خریدنے سے بھی گیا۔

اب موسم گرما میں مہنگائی کی گرمی بھی ستم ڈھائے گی، پنکھے، ائیر کولر، اے سی اور فریج مہنگے کردئیے گئے، قیمتوں میں ایک ہزار سے 15 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا۔

چھت والا پنکھا 3 ہزار روپے سے مہنگا ہوکر 4 ہزار روپے کا ہو گیا، اسی طرح پیڈسٹل فین 6000 سے مہنگا کر کے 7500 روپے کا کردیا گیا۔ ائیر کولر کی قیمت 14000 سے بڑھا کر 17000 روپے کردی گئی۔

ایک ٹن اے سی کی قیمت 60 ہزار سے بڑھ کر 72 ہزار روپے ہو گئی۔2 ٹن اے سی کے دام 80 ہزار روپے سے بڑھا کر 91 ہزار روپے کر دئیے گئے۔ میڈیم سائز فریج کی قیمت 40 ہزار سے بڑھ کر 55 ہزار روپے ہو گئی۔

صارفین بولے اشیاء کا معیار کم کر دیا گیا مگر قیمتیں بڑھا دی گئیں،غریب بندہ اب ائیر کولر بھی نہیں خرید پائے گا۔ الیکٹرونکس کی عابد مارکیٹ لاہور کے صدر میاں طارق فیروز نے بتایا کہ تانبے اور پلاسٹک کی قیمتوں میں اضافے سے پنکھوں اور دیگر اشیاء کی قیمت بڑھی۔ موسم گرما کے دوران پنکھوں، ائیر کولر وغیرہ کی قیمت مزید بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔