کراچی: ماہ رمضان میں گرانفروشی عروج پر، انتظامیہ کی نمائشی کاروائیاں

Published On 16 April,2021 09:37 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ماہ رمضان کے دوران گرانفروشی عروج پر پہنچ گئی، سرکاری پرائس لسٹ پر عملدرآمد نہ ہو سکا، انتظامیہ کی جانب سے مہنگے داموں اشیاء کی فروخت پر موثر اقدامات کے بجائے نمائشی کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔

کراچی میں ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ گرانفروشی کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا۔ پھل، سبزی، مرغی، دودھ اور گوشت سمیت دیگر اشیاء سرکاری ریٹ کے بجائے من مانی کی قیمت پر مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔ روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمت میں بلاجواز اضافے سے غریب و متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

ماہ صیام کے دوران اشیاء کی مہنگے داموں فروخت پر بھی انتظامیہ کے اقدامات نمائشی کاروائیوں تک محدود نظر آتے ہیں، عوام ریلیف سے محروم ہیں۔

کمشنر کراچی کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز اور مختار کار کو مارکیٹوں کے دورے کرکے سرکاری قیمت پر عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات دئیے گئے تھے جس کے برعکس چند دکانداروں کے جرمانے کرکے متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہوگئے ہیں جبکہ عوام کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
 

Advertisement