کراچی: لیاری میں کارروائی کے دوران بابا لاڈلہ گروپ کا اہم کارندہ اسلحے سمیت گرفتار

Published On 14 April,2021 01:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لیاری لی مارکیٹ میں سی ٹی ڈی اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں بابا لاڈلہ گروپ کا اہم کارندہ اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا، دہشت گرد نصیر عرف دیش قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

کراچی میں سی ٹی ڈی اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا، دہشتگرد نصیر عرف دیش کا تعلق گینگ وار بابا لاڈلا گروپ سے ہے، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگرد کو لیاری لی مارکیٹ میں کارروائی کرکے اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشتگرد بھتہ خوری، قتل اور اقدام قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

دہشت گرد کراچی آپریشن کے بعد بلوچستان میں روپوش ہوگیا تھا جبکہ 2017 میں بی آر اے میں شامل ہو کر استاد شواز بلوچ سے تخریب کاری کی تربیت بھی حاصل ک۔ دہشت گرد بلوچستان میں ایف سی اہلکاروں پر حملوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ 2012 میں غفارذکری گروپ کے کارندے شہزاد کو اغواء کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کیا جبکہ 2014 میں عدنان عرف عدو، طارق ایرانی اور نامعلوم شخص کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا۔

گرفتار دہشت گرد نے 2013 میں عزیر بلوچ کے کارندے اسلم کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
 

Advertisement