ملتان: فنڈز کی کمی کے باعث 345 ترقیاتی منصوبوں میں سے تاحال کوئی مکمل نہ ہو سکا

Published On 04 June,2021 09:04 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں فنڈز کی کمی کے باعث رواں سال بھی 345 ترقیاتی منصوبوں میں سے کوئی بھی مکمل نہیں ہو سکا، ادھوری سکیمیں شہریوں کیلئے مسئلہ بن گئی ہیں۔

ملتان ڈویثزن میں ضلعی انتظامیہ نے تین سو چالیس پرانی جبکہ پانچ نئی سکیموں کیلیے پچانوے ارب روپے مانگے تاہم حکومت نے نئی اور پرانی سکیموں کیلئے صرف بارہ ارب روپے ہی جاری کیے جن میں سے ساڑھے آٹھ ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود رواں سال بھی کوئی منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ادھورے منصوبوں کے باعث شہریوں کی مشکلات تا حال برقرار ہیں۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کا موقف ہے کہ حکومت نے کورونا کے باعث مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کیے تاہم موجودہ صورتحال میں دستیاب بجٹ کا اٹھاسٹھ سے ستر فیصد تمام سکیموں پر خرچ کر دیا ہے جس سے ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی رفتار بھی کافی حدتک تیز ہو گئی ہے۔

کارڈیالوجی کی توسیع، نشتر ٹو، میٹرو کنٹرول اینڈ کمانڈ روم، نواز شریف انجینئرنگ یونیورسٹی اور واسا کی مختلف سکیمیں بھی ادھورے منصوبوں میں شامل ہیں جن کو شہریوں نے حکومت سے جلد از جلد مکمل کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔