ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جلوس نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، تمام مسلم ممالک کو یکجا ہونا پڑے گا، سب مل کر آواز اٹھائیں تو فرق پڑے گا، سعودی عرب کے دورے سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا، کچھ عناصر تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ہم نے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کیا، دورہ سعودی عرب میں اہم امور پر بات چیت ہوئی، سعودی عرب سے بات چیت کے 3 دور ہوئے، محمد بن سلمان اور عمران خان کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ 5 معاہدے ہوئے ہیں، سعودی پاکستان اسٹریٹجک سپریم کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا، کونسل کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، سعودی عرب نے مزید 500 ملین ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی عرب توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا، سعودی وزیر خارجہ 2 گھنٹے کیلئے نہیں کم سے کم 2 دن کیلئے تشریف لائیں گے، وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل او آئی سی سے بھی ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سیکرٹر ی جنرل او آئی سے فلسطین کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، فلسطین کے معاملے پر شدید تشویش ہے، تمام مسلم ممالک فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے تو اس سے فرق پڑے گا، جلوس نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، تمام مسلم ممالک کو یکجا ہونا پڑے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد بڑا اقدام ہے، وزیراعظم نے ملتان ضلع کیلئے 30 ارب کے پیکج کا اعلان کیا، وقت ضرور لگے گا لیکن جنوبی پنجاب کے شہروں میں تبدیلی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کیا کرپشن کے خاتمے کا ٹھیکہ صرف عمران خان نے لیا ہے ؟۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ نواز شریف کوعلاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی، شہباز شریف نے عدالت کو گارنٹی دی تھی کہ نواز شریف علاج کے بعد واپس آئیں گے، اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کو صحت دے دی، نواز شریف پی ڈی ایم جلسوں سے بھی خطاب کر رہے ہیں، شہباز شریف چلتے پھرتے ہیں، ٹھیک ٹھاک نظر آ رہے ہیں، اگر شہباز شریف چلے گئے تو پھر ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا، اب شہباز شریف کی بیماری کا جواز بنایا جا رہا ہے۔