لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہی خاندان نے ہمیشہ قانون کو یرغمال بنایا، حدیبیہ پیپر مل آئی او پنر کیس ہے، دال میں کچھ نہ کچھ کالا ہے جس کی پردہ داری ہے، ہم حقیقت تک ضرور پہنچیں گے۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو آج عوام کی محبت میں مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں وہ بتا دیں ان کی کتنی شوگر ملز ہیں ؟ قانون کے شکنجے سے ان کا علاج معالجہ کریں گے، اس مافیا کو عمران خان کے علاوہ کوئی کنٹرول نہیں کرسکتا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عید کے پرمسرت موقع پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی طرف سے فاؤنٹین ہاؤس میں دکھی افراد کی دادرسی کیلئے آئی ہوں، موجودہ حکومت کا پسے ہوئے طبقات سے درد پر مبنی رشتہ ہے، فاؤنٹین ہاؤس کے مخیر حضرات جس محبت اور جذبے سے دکھی افراد کی خدمت کر رہے ہیں قابل تحسین ہے، وزیراعظم نے دکھی انسانیت کیلئے خدمت کا جذبہ رکھتے ہوئے احساس پروگرام شروع کیا۔