اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے 650 ارب ڈالر کی منظوری دی ہے جس میں سے پاکستان کو 2 ارب 77 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے 650 ارب ڈالر کی منظوری دی ہے، جس میں سے پاکستان کو 2 ارب 77 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ دنیا بھر کو پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اطمینان ہے، تمام امدادی ادارے اور ملکوں کا اعتماد حاصل ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ پاکستان کو 2 ارب 77 کروڑ ڈالر آج رات مل جائیں گے، پاکستان کے انسداد کورونا اقدامات کو سب نے سراہا، انسداد کورونا کے لیے اقدامات مزید تیز کریں گے، زرمبادلہ کے ذخائر مزید بہتر ہو جائیں گے۔
اس سے قبل وزیر خزانہ شوکت ترین سے وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ کاخوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے پر اظہار تشویش کیا۔
وزیر خزانہ کی مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کی ہدائیت کردی۔ ایسوسی ایشن قیمتوں کے حوالے سے موزوں میکنزم تیار کرے۔
وزیر خزانہ نے ایف بی آر کو ری فنڈز کے معاملات جلد حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ملاقات میں چیئرمین وناسپتی ایسوسی ایشن کا کہنا تھاکہ کورونا وباء کے دوران عالمی منڈی میں خوردنی تیل اور گھی کی قیمت بڑھی، عالمی منڈی میں قیمت 1100 سے 1257 ڈالر فی ٹن کے درمیان رہی۔
اُدھر وزیر خزانہ شوکت ترین سے مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سرکاری اداروں میں تنظیمی اصلاحات پر پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت کی سرکاری اداروں میں تنظیمی اصلاحات کیلئے خدمات قابل قدر ہیں، تمام فریقین سے مشاورت سے اصلاحات کا عمل آگے بڑھایا جارہا ہے۔
مشیر اصلاحات نے ای گورننس اور حکومتی محکموں کی تنظیم نو پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عشرت نے کہا کہ ان اصلاحات سے حکومتی امور کار میں بہتری آئے گی۔