اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ معیشت میں کوئی خرابی نہیں، جتنی شرح نمو دکھانا تھی اس سے زیادہ ہورہی ہے جو اچھی خبر ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خزانہ نے دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران کے ساتھ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اکانومی میں ایسی کوئی خرابی نہیں، جتنی گروتھ دکھانا تھی اس سے زیادہ ہورہی ہے، گروتھ زیادہ ہونا اچھی خبر ہے، ریونیوبڑھ رہا ہے، 100 ملین ڈالر کی ویکسین، پٹرول کی قیمت بڑھنے سے کرنٹ اکاؤنٹ بڑھا ہے، پاکستان کے معاشی حالات میں خرابی والی بات درست نہیں، ریونیو ٹارگٹ 20 سے 25 فیصد زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کے لیے مسئلہ ہے، عام آدمی کوٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے، مہنگائی کوکم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، ہم نے دیرتک پٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائی تھی، بنگلا دیش،سری لنکا،ترکی میں پاکستان سے زیادہ پٹرول کی قیمتیں ہیں۔ جولائی میں برطانیہ میں فوڈ پرائس ایک ماہ میں31فیصد بڑھی۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں استحکام ہوگا توپاکستان کی مارکیٹ میں پریشرکم ہوگا۔ ہماری کوشش ہے کہ گروتھ ریٹ پراثرنہ پڑے، مستحکم گروتھ بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کے ذریعے ہمیں پاورملی ہے، نان فائلرزکی تفصیلات ہمارے پاس موجود ہے، نان فائلرز کو پیار سے محبت نامہ بھیجیں گے کہ وہ ٹیکس ادا کردیں، اگروہ ٹیکس نہیں دیں گے توان کے بجلی کے بلوں میں بھیج دیں گے، پی اوایس مشین لارہے ہیں، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی آگیا ہے۔ چند دنوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کولانچ کردیں گے۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی پی پیزکے ساتھ حکومت نے معاہدہ کیا ہے، پاور اور پٹرولیم میں سپیشلسٹ کو لیکر آئیں گے، پاورسیکٹرمیں اصلاحات کے حوالے سے کام ہورہا ہے۔