امریکی ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو گیا، سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی

Published On 23 September,2021 04:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی کرنسی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو گئی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر بڑی مندی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 35 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 168 روپے 68 پیسے سے بڑھ کر 169 روپے 03 پیسے ہو گئی ہے۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد ایک مرتبہ پھر 300.36 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 45296.88 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.66 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 13 کروڑ11 لاکھ 99 ہزار 565 شیئرز کا لین دین ہوا۔ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
 

Advertisement