پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں سبزیوں، گھی، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ نہ رک سکا، شہری حکومت کی خراب کارکردگی پر برس پڑے۔
اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مہنگائی سر چڑھ کر بولنے لگی ،کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔
پشاورکی اوپن مارکیٹ میں آٹےکی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے،80 کلو گرام بوری کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد قیمت 6 ہزارایک سو روپے ہوگئی ہے، رواں ہفتے 80 کلو آٹے کی بوری 5ہزار700 سے بڑھ کر 6 ہزارروپے ہوئی تھی تاہم اس میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،ڈیلروں کا کہنا ہے کہ چند ہی دنوں میں آٹا ،چینی اورگھی مہنگا ہوا ہے۔
دوسری جانب سبزیاں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں، سبزی منڈی میں مٹر 300، ٹماٹر 100، سبز مرچ 300، سرخ مرچ 500، کریلا100 ، گوبھی 90 اور بھنڈی بھی 100 روپے میں فروخت ہورہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، کچھ دن قبل 5 لٹر گھی 1200 روپے میں فروخت ہورہا تھا جو اب بڑھ کر 1850 روپےکا ہوگیا ہے۔