پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں محکمہ صنعت و تجارت اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پردستخط کئے گئے، مفاہمتی یادداشت کے تحت صوبے کے چھوٹے اوردرمیانے درجے کے تاجروں کو روزگار کیلئے قرضے دیئے جائیں گے۔
محکمہ صنعت و تجارت اوربینک آف خیبرکےدرمیان مفاہمتی یادداشت پردستخط کیلئے منعقدہ تقریب سے وزیرصحت وخزانہ تیمورسلیم جھگڑا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو ورکنگ کیپٹل اور ماڈرنائزیشن کی مد میں 2،2 کروڑ روپے قرضے دیئے جائینگے۔ بینک آف خیبر 8 سالوں تک تاجروں کو 2 مدوں میں 12ارب روپے کا قرضہ دے گی، یہ قرضہ جات روزگار کو بڑھانے، مشینری کی خریداری یا روزگار کو چلانے کیلئے ورکنگ کیپٹل کی فراہمی کی مد میں دیئے جائینگے۔
سٹیٹ بینک راست ری فائنانسنگ سکیم کےتحت دیئے جانے والی قرضے کے پہلے اور دوسرے سال اضافی شرح سود صوبائی حکومت برداشت کریگی، قرضے کے پہلے سال کوئی سود نہیں جبکہ ادائیگی کے دوسرے سال دو فیصد شرح سود نافذ ہو گی۔ بل گیٹس کے دورے کے حوالے سے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ بل گیٹس نے کورونا کے سدباب کیلئے پاکستانی کاوشوں کو سراہا۔