سر میں کیل ٹھونکنے کے واقعے کا ڈراپ سین، خاتون ذہنی مریضہ نکلی

Published On 10 February,2022 01:53 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، متاثرہ خاتون ذہنی مریضہ نکلی۔

پشاور میں خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کے واقعہ کے حقائق سامنے آ گئے، ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کا واقعہ سے متعلق بریفنگ میں کہنا تھا کہ 4 فروری کو متاثرہ خاتون کو ہسپتال لایا گیا جس کے سر میں کیل ٹھونکی گئی تھی، 8 فروری کو واقعہ سوشل میڈیا اور میڈیا پر سامنے آیا، ہسپتال اور بازاروں کے کیمروں کوچیک کیا گیا، ہسپتال ریکارڈ میں نام کے علاوہ کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا، متاثرہ خاتون بازگلہ اور اس کے شوہرتک رسائی حاصل کی گئی۔

ایس ایس پی کے مطابق خاتون ذہنی مریضہ ہے اور اس نے خود کو زخمی کیا ، شوہر مسلسل اپنی بیوی کا چیک اپ ڈاکٹر سے کروا رہا ہے، متاثرہ خاتون کے شوہرکا کہنا تھا کہ اس کی بیوی ذہنی بیماری کا شکار ہے، متعدد بار ڈاکٹر کے پاس لے گیا لیکن مسئلہ جنات کا ہے۔ واقعہ کے دن گھر پر نہیں تھا جب آیا تو بیوی کے سر میں کیل تھی۔

شوہر کا کہنا تھا کہ کیل ٹھونکنے کا واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے ،متاثرہ خاتون کے شوہرکے مطابق خاتون سے دوسری شادی ہے، ہمارے بچوں کی تعداد 11 ہے، متعدد بار ڈاکٹر کے پاس لے گیا لیکن مسئلہ جنات کا ہے،اس سے قبل بھی خاتون کو تیسری منزل سےجنات نے پھینکا تھا۔
 

Advertisement