کوئٹہ: (دنیا نیوز) رمضان کی رونقوں کو مہنگائی کی نظرلگ گئی، بازاروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔
رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اپنی تمام تر رحمتوں کے ساتھ جلوا افروز ہے، روزہ داروں کوافطاری میں دسترخوان پر من پسند مشروبات، مختلف اقسام کے اچار اور چٹنیاں اچھی لگتی ہیں مگر کیا جائے ظالم مہنگائی کا، ان کی قیمتوں میں فی کلو 50 سے 80 روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے، اس صورت میں گاہک اور دکانداروں دونوں پریشان ہیں۔
دوسری جانب پھل مہنگا ہونے کے سبب اکثر لوگ بازار سے بنی بنائی فروٹ چاٹ خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ گھر میں چاٹ بنانے کے لئے کئی اقسام کے فروٹ خریدنے کی سکت نہیں۔
مختلف برانڈز کے مشروبات کی قیمتوں میں بھی 25 سے 40 فی صد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ان کی فروخت می٘ں کمی دیکھی جارہی ہے۔