لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کی مسلسل کم ہونے والی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دوبارہ بدترین مندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کا اربوں روپے کا نقصان برداشت کیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 33 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 197 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 197 روپے 92 پیسے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/rXmVcxZr9j pic.twitter.com/ia6gNjo25w
— SBP (@StateBank_Pak) June 3, 2022
خیال رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے چار کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھنے کو مل رہی تھی۔
دوسری طرف سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کا تسلسل برقرار ہے، ایک مرتبہ پھر 904.75 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 41333.16 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.14 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 67 لاکھ 3 ہزار 894 شیئرز کا لین دین ہوا۔