پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف سماعت، وفاقی حکومت اور اوگرا سے جواب طلب

Published On 22 June,2022 10:32 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے وفاقی حکومت ، وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے نشاندہی کی کہ گزشتہ 21 روز میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کیا گیا جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔

وکیل نے بتایا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بنیادی ضرورت بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔ وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے وفاقی کابینہ کی منظوری نہیں لی گئی اور یہ اضافہ آئین کے آرٹیکلز کے منافی ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے، عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 28 جون کو جواب طلب کرلیا۔