اسلام آباد: (دنیا نیوز) عید قرباں قریب آتے ہی راولپنڈی اور اسلام آباد میں مویشی منڈیاں سج گئی ہیں، جانوروں کے ناز نخرے ہر کسی کو بھا رہے ہیں تاہم آسمان کو چھوتے داموں سے خریدار اور بیوپاری دونوں ہی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
راولپنڈی کی مویشی منڈی میں خوبصورت جانور سب کی توجہ کا مرکز بن گئے قیمتیں آسمان پر ہیں جس کے سبب بیوپاریوں اور خریداروں میں تکرار جاری ہے۔صحت مند بیل بکرے، منڈی کی رونقیں بڑھا رہے ہیں لیکن خریدنے والا کوئی نہیں، خوبصورت جانورگاہکوں کے قدم ضرور روکتے ہیں تاہم لاکھوں کے دام سن کر کانوں سے دھویں نکل جاتے ہیں۔
مالک بھی مہنگائی کا رونا روتے نظر آتے ہیں، کہتے ہیں منڈی میں بڑے جانور کی انٹری 3000 اور چھوٹے جانور کی 2000 ہے، سال بھر جانوروں کو نازوں سے پالا جاتا ہے اتنے دام تو بنتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر کوئی سنت ابراہیمیؑ پر عمل پیرا ہو کر قربانی کا فریضہ ادا کرنا چاہتا ہے لیکن مہنگائی نے جانوروں کی خریداری ناممکن بنا دی ہے۔