اسلام آباد:(دنیا نیوز) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کیساتھ معاہدے کے بعد پاکستانی معیشت کے لیے ایک اور اچھی خبر آگئی، جاپان، اٹلی اور اسپین کیساتھ بھی قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کے لیے معاہدے تیار کرلیے گئے، معاہدے رواں ماہ طے پا جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جی 20 ممالک سے قرض موخر اقدامات کے تحت ان تین ممالک سے 6 معاہدوں میں 18 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کا قرض موخر کرایا جائے گا، جاپان سے 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالر قرض موخر کرنے کا ایک اور معاہدہ بھی کیا جائے گا، جاپان سے تین معاہدوں میں مجموعی طور پر 18 کروڑ ڈالر سے زائد، اسپین سے 31 لاکھ اور اٹلی سے 11 لاکھ ڈالر قرض موخر کرایا جائے گا۔
اقتصادی امور ڈویژن ذرائع کے مطابق جی 20 ممالک سے تیسرے سیشن میں اب تک 94 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے قرض موخر ہو چکے ہیں، تین ممالک سے معاہدوں کے بعد یہ رقم 1 ارب 13 کروڑ ڈالر سے زائد ہو جائے گی۔