ڈیفالٹ کے خطرات میں کمی، پاکستان نے ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈ ادا کر دیئے

Published On 02 December,2022 11:46 pm

کراچی: ( دنیا نیوز ) پاکستان نے ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈ ادا کر دیئے جس سے ڈیفالٹ کے خطرات میں کمی آگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے بانڈ کی ادائیگی 5 دسمبر کو کرنی تھی، مرکزی بینک نے 3 دن پہلے ادائیگی کردی ہے۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے مزید کہا کہ سکوک بانڈز 2012 کو 10 سال کے لئے ٹینڈر عالمی مارکیٹ میں فروخت کئے گئے تھے۔

ترجمان کے مطابق بانڈز کی بروقت ادائیگی سے غیرملکی سرمایہ کارو ں کو مثبت پیغام جائے گا، ڈیفالٹ کے خطرات میں کمی واقع ہوگئی، وقت پر بانڈز کی ادائیگی سے پاکستان کے دوسرے بانڈز کی مالیت میں اضافہ ہو گا، بانڈز کی ادائیگی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوگئی۔ 

دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایس ایم ای بینک کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، چیئرمین ایس ای سی پی، سیکرٹری نجکاری اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں شریک صدر ایس ایم ای بینک نے کارکردگی پر اجلاس کو بریفنگ دی، ایس ایم ای بینک کی مالی حالت اور اس کی نجکاری کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

 

Advertisement