ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو مزید اضافہ

Published On 09 February,2023 01:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز)عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی کلو کمی کے باوجود ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو مزید اضافہ کر دیا گیا۔

چیئرمین ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ گیس مافیا نے 15 روپے فی کلو کر دیا جس کے نتیجے میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 177 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 681 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری قیمت 264 روپے فی کلو ملک میں کسی جگہ بھی دستیاب نہیں، ملک بھر میں قیمت 360 اور پہاڑوں پر 400 روپے میں فروخت جاری ہے۔

عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ من مانی قیمت پر ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے اور اوگرا خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیے، ملک میں یومیہ 5000 ٹن ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے، ایل پی جی انڈسٹری کو ٹیکس فری کیا جائے اور مقامی پیداوار بڑھائی جائے۔

چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایشیا کا سب سے بڑا پلانٹ جے جے وی ایل چلایا جائے جو نہ صرف پاکستان کی ضرورت کو پورا کرے گا بلکہ بیرون ملک سے زر مبادلہ بھی لایا جا سکتا ہے، سالوں سے خسارے میں مبتلا سرکاری گیس کمپنی کو ایل پی جی کی اجارہ داری نے بچایا ہوا ہے۔