اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے الجومعہ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالعزیز حماد الجومعہ نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
— Ministry of Finance (@FinMinistryPak) March 2, 2023
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عبدالعزیز حماد الجومعہ کا خیر مقدم کیا اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں الجومعہ ہولڈنگ کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم اور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی تباہی کا ذمہ دار صرف اور صرف عمران خان ہے: وزیر خزانہ اسحاق ڈار
اس موقع پر عبدالعزیز حماد الجومعہ نے وزیر خزانہ کو الجومعہ ہولڈنگ کمپنی کے پروفائل اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں بریفنگ دی۔
عبدالعزیز حماد الجومعہ نے وزیر خزانہ کو کمپنی کی پاکستان میں مستقبل کی سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے الجومعہ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔