واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی حکام نے دیوالیہ ہونے والے سلیکون ویلی بینک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد بینک کو بند کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ڈیپازیٹرز کی جانب سے اپنی رقم نکلوانے کے جلدبازی میں پیدا ہونے والی صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے بیمہ یافتہ ڈیپازیٹرز کے تحفظ کے پیش نظر بینک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد بینک کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
امریکی فیڈرل ڈیپازٹ انشورنس کارپوریشن (ایف ڈی آئی سی) کا کہنا ہے کہ انہوں نے بینک کے پاس موجود تقریباً 175 ارب ڈالرز کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ، بینک کے دفاتر پیر تک کھول دیے جائیں گے اور بیمہ یافتہ ڈیپازیٹ رکھنے والے صارفین اپنی رقوم تک دوبارہ رسائی حاصل کر سکیں گے۔
ایف ڈی آئی سی کا کہنا ہے کہ بینک کے اثاثوں کی فروخت سے ملنے والی رقم غیر بیمہ یافتہ ڈیپازیٹرس میں تقسیم کی جائے گی۔
امریکی ٹریژری سیکرٹری جینیٹ یلین نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہم سلیکون ویلی بینک کے معاملات کا بہت گہرائی سے مشاہدہ کر رہے تھے، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے سلیکون ویلی بینک کو بند کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ امریکا میں 2008 کے بعد سے اب تک سلیکون ویلی بینک کے دیوالیہ ہونے کو کسی بھی بینک کی سب سے بڑی ناکامی تصور کیا جا رہا ہے۔