کویت پٹرولیم کمپنی کا نقصان پورا کرنے کیلئے 27 ارب روپے کی منظوری

Published On 21 March,2023 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک سال میں کویت پٹرولیم کمپنی کے نقصانات کو پورا کرنے کے لیے 27 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزارت پٹرولیم کی کویت پٹرولیم کمپنی کی قرض سہولت بارے سمری پر غور کیا گیا، کویت پٹرولیم کمپنی نے سرکاری کمپنی پی ایس او کو ادھار پر ڈیزل فراہمی کی سہولت دے رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف یا کسی دوسرے ملک نے ہمارے ایٹمی پروگرام پر کوئی شرط عائد نہیں کی، اسحاق ڈار

اعلامیہ کے مطابق پی ایس او ڈیزل کی درآمد کے بعد ایک ماہ میں نیشنل بینک میں درآمدی ڈیزل کی قیمت کے مطابق روپے جمع کرواتی ہے، گزشتہ ایک سال میں ایکسچینج ریٹ میں ردو بدل کے باعث کافی زیادہ نقصان کا سامنا ہے، حکومت ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کو پورا کرنے کی ضامن ہے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کیلئے فوری طور پر 25 ہزار ٹن گندم فراہمی کی اجازت دیدی گئی، گندم رمضان المبارک کے دوران مارچ اور اپریل کی غذائی ضروریات کی فراہمی کیلئے دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پٹرول پر سبسڈی بارے کوئی مشاورت نہیں کی:آئی ایم ایف

ای سی سی نے گلگت بلتستان کو گندم فراہمی پر 2 ارب 90 کروڑ روپے کی سبسڈی کی بھی منظوری دی، اجلاس میں وزیر توانائی، وزیر صنعت و پیداوار، وزیر مملکت پٹرولیم، معاون خصوصی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

Advertisement