کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کے زیر صدارت اجلاس میں تھرکول پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت تھرکول پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر چلانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے ویڈیو لنک کی ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، ٹرانزیکشن ایڈوائزرز تھرکول فیلڈ منصوبہ کے اثاثہ جات اور ذمہ داریوں کی تشخیص کے فرائض سر انجام دیں گے۔
اس موقع پر وزیر توانائی امتیازشیخ نے کہا کہ تھرکول فیلڈ دنیا میں کوئلے کے سب سے بڑے ذخائر میں سے ایک ہے، تھرکول منصوبہ سندھ میں توانائی کی کمی کو پورا کرے گا، تھرکول منصوبہ درآمدی ایندھن پر انحصار کو بھی کم کرے گا۔
وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ تھرکول فیلڈ منصوبہ عالمی و ماحولیاتی تحفظ کے معیار کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے، تھرکول منصوبے سے روزگار کے مواقع اور خطے میں اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔