اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پاکستان پر اعتماد ختم ہو چکا ہے، آئی ایم ایف کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ہر شرط کو پہلے مانا جا رہا ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بریفنگ دی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک سے جلد فنانسنگ پر اہم پیشرفت ہوگی، جتنی پاور سیکٹر اور گیس سیکٹر میں اصلاحات کیں وہ گزشتہ 10 سال میں نہیں ہوئیں، ملک اس وقت غیرمعمولی حالات سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف دوست ممالک سے فنانسنگ پر الگ الگ بات کر رہا ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات پہلے جیسے نہیں، ہمیں اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا، پٹرول پر سبسڈی کا ڈیزائن مکمل نہیں ہوا اس پر کام ہو رہا ہے۔