اسلام آباد: (دنیا نیوز) ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ بھی اپنے اختتام کو آگیا تاہم مہنگائی کے جن پر قابو نہ پایا جا سکا، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پھل اور سبزیاں خریداروں کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔
اسلام آباد میں ٹماٹر 80 روپے، لہسن 400 روپے اور ادرک کے نرخ 720 روپے فی کلو پر پہنچ گئے، گوبھی 80 روپے، مٹر 160 اور فراشبین کی پھلیاں 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہیں، مارکیٹ میں سیب 400 روپے فی کلو اور کیلے 390 روپے درجن میں مل رہے ہیں۔
لاہور میں سیب سرکاری قیمت 320 روپے کے بجائے 450 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، کیلا درجہ اول 215 کے بجائے 400 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ ایرانی کھجور سرکاری قیمت 450 کے بجائے 560 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
پھلوں کے ساتھ سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں، پیاز 90 روپے کے بجائے 120 روپے کلو، لہسن چائنہ 350 کے بجائے 470 اور ٹماٹر سرکاری قیمت 100 روپے کے بجائے 130 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔