کراچی: (دنیا نیوز) لاہورکے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دو ماہ کے لئے مخصوص اوقات میں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔
سول ایوی ایشن کے مطابق مون سون میں رن وے اور ائیرپورٹ اطراف میں پرندوں کی بہتات کے بعد انتظامیہ نے لاہور ائیرپورٹ کو دو ماہ کیلئے مخصوص اوقات میں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے ائیر پورٹ بندش کی منظوری دے دی ہے، اور فلائٹ آپریشن کی بندش کے حوالے سے سول ایوی ایشن (سی اے اے) نے نوٹم بھی جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جزیرہ ایئرویز کی پہلی پرواز کویت سے 163 مسافروں کو لیکر اسلام آباد پہنچ گئی
نوٹم کے مطابق لاہور ائیر پورٹ رن وے صبح 5 بجے سے صبح 8 بجے تک بند رکھا جائے گا، اور فیصلے کا اطلاق 15جولائی سے 15ستمبر 2023 تک ہوگا۔
سول ایوی ایشن نے ملکی اور غیر ملکی ائیرلائینز کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے اور تمام ائیر لائنز کو پروازوں کے اوقات کار میں ردو بدل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔