مہنگائی کے مارے عوام کیلئے اچھی خبر: آٹے کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

Published On 29 July,2023 05:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مہنگائی سے تنگ عوام کے لیے اچھی اور ذخیرہ اندوزوں کے لیے بری خبرآگئی، آٹے کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق روس سے گندم کا پہلا بحری جہاز ہزاروں ٹن گندم لے کر کراچی پہنچ گیا، پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے روس سے منگوایا گیا یہ گندم کا پہلا بحری جہاز ہے۔

روس سے 279.50 ڈالر فی میٹرک ٹن کے حساب سے گندم منگوائی گئی ہے، گندم کے جہاز کی آمد سے گندم کی قیمت میں کمی آنا شروع ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ روس سے منگوائی گئی گندم آٹا ملز کو 92 روپے فی کلوگرام کی قیمت پر دی جائے گی، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مارکیٹ میں عام صارف کو ملنے والے آٹے کی قیمت میں بڑی کمی ہو گی۔