لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں آٹا اور چینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا، چیف سیکرٹری پنجاب نے سپیشل برانچ کو مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب کے زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، اجلاس میں آٹا اور چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ آٹا اور چینی کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت قابل قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیف سیکرٹری کو دھمکیاں کیس: رانا ثناء کی انسداد دہشتگردی عدالت طلبی
انہوں نے کہا کہ اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کر کے صارفین کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ موثر انتظامی اقدامات کے ذریعے آٹا اور چینی کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے۔
— Chief Secretary Punjab (@CS_Punjab) July 18, 2023
چیف سیکرٹری نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کے ساتھ ان کی طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کیلئے سپیشل برانچ انتظامیہ کو معاونت فراہم کرے گی۔
سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی کہ صوبہ میں گندم اور چینی کے وافر سٹاک موجود ہیں، اجلاس میں صنعت اور خزانہ کے محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔