فلور ملز ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

Published On 06 May,2023 07:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

محکمہ فوڈ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن چودھری عامر نے کہا کہ 3 دن سے ہماری فلور ملز بند پڑی ہیں، اندرون سندھ سے گندم لانے پر پابندی لگا دی گئی تھی، اس پابندی کو ہٹانے کی یقین دہانی کر دی گئی جس کے بعد ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 9 ویں جائزے کی کامیابی پر پاکستان سے سٹاف لیول معاہدہ ہو گا: آئی ایم ایف

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن چودھری عامر کا کہنا تھا کہ امید ہے ہمیں ضرورت کے مطابق گندم ملے گی۔

ڈائریکٹر فوڈ امداد علی شاہ نے کہا کہ ہر سال 30 سے 35 ارب روپے سبسڈی دے کر سستا آٹا دینے کی کوشش کرتے ہیں، کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں جس کے سبب مشکلات بڑھیں، کچھ مافیاز گندم خرید کر ذخیرہ کر لیتے ہیں جس کے سبب شارٹیج پیدا ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت تاریخ کی نئی بلندی پر پہنچ گئی

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ گندم خریدیں تاکہ عوام کو سستا آٹا دے سکیں، ہم فلور ملز کو پیر سے 5 لاکھ گندم کی بوری دیں گے، گندم کی بوری 10500 روپے کی دی جائیگی۔

امداد علی شاہ نے کہا کہ 15مئی کے بعد سندھ بھر سے محکمہ فوڈ کی چیک پوسٹس ہٹادی جائیں گی، گندم کی خریداری پر 55 کروڑ کی سبسڈی دی جائے گی، سستی گندم دے کر کراچی کو سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔