اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے قومی شاہراؤں پر جرمانے کی شرح میں اضافے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔
نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے موٹروے پولیس ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور خصوصی دعا کی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق نگران وفاقی وزیر نے درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور آپریشنل صلاحیت بہتر بنانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی، شاہد اشرف نے کہا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے بھر پور کوشش کروں گا، پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیلئے اینٹی ڈوزنگ ڈیوائس لازمی قرار دی جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا ٹریلر کے سی، ای کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کی وجہ سے بیرون ملک میں روزگار کے مواقع بڑھ جائیں گے، قومی شاہراؤں پر جرمانوں کی شرح میں اضافے کیلئے فی الفوراقدامات کئے جائیں، جرمانوں کی شرح میں اضافے کا آغاز ذاتی گاڑیوں سے کیا جائے۔
نگران وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ نے نئی پٹرولنگ گاڑیوں کی علامتی چابی آئی جی سلطان علی خواجہ کے حوالے کی۔