اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ملک میں انتخابات آئین میں دی گئی مدت کے اندر ہی ہوں گے۔
نگران وزیر خارجہ نے بیٹ رپورٹرز سے ملاقات اور غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا نگران حکومت کا کام آزادانہ اور منصفانہ انتخابات یقینی بنانا ہے، امریکی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ اور دیگر اکابرین کے ساتھ انتخابات بروقت کرانے پر بات ہوئی، میرے ذہن میں کوئی شک نہیں کہ ہم ایک مختصر مدت کی نگران حکومت ہیں، ہم غیر سیاسی سیٹ اپ ہیں، سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا عبوری سیٹ اپ کے طور ہر ہم اپنے دائرہ میں رہ کر بہت سے کام کر سکتے ہیں، ہم عالمی سطح پر پاور پالیٹکس کا حصہ نہیں بنیں گے، امید ہے بھارت پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے گا، اس حوالے سے بھارت نے کوئی منفی فیصلہ کیا تو عالمی برادری کو مایوسی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر خارجہ سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی ملاقات
جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کرکٹ ورلڈ کپ ایک کھیلوں کا ایونٹ ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات کی نوعیت تبدیل نہیں ہوئی، بھارت کے ساتھ بات چیت صرف اپنی اصولی پوزیشن کی بنیاد پر ہی کریں گے، بھارت ہاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، ہمارے پاس مضبوط شواہد ہیں۔
نگران وزیر خارجہ نے کہا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا باقی ہیں، 5 اگست 2019ء کو بھارت نے غیر قانونی اقدامات کئے، بھارت سندھ طاس معاہدے کی بھی کئی خلاف ورزیاں کر چکا، عبوری سیٹ اپ کے طور پر بہت اچھی غیر ملکی انویسٹمنٹ لا سکتے ہیں۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا افغان حکومت نے پاکستان میں دہشت گردی کے بعض ذمہ داروں کو گرفتار کر کے ہمیں اطلاع دی، بھارت کا رویہ ہمارے لئے نمبر ون مسئلہ ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی تکمیل کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے، امریکہ نے چین یا روس سمیت کسی بھی ملک کے ساتھ تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا امریکہ کے ساتھ تجارتی حجم اب 20 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ چکا ہے۔