اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفارت کاروں کو سرمایہ کاری سہولت کونسل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان نے پریزنٹیشن دی ، سفارتکاروں کو کونسل کے قیام اور مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بریفنگ میں چار اہم شعبوں آئی ٹی، زراعت، توانائی اور کان کنی میں سرمایہ کاری کے مواقع کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا، سفارتی مشنوں سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنے ممالک کو پاکستان کے وسائل سے مالا مال ملک ہونے کے وعدے سے فائدہ اٹھانے کیلئے بریف کریں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل تشکیل دی ہے، یہ کونسل ملک میں فیصلہ سازی کو تیز کرنے اور فروغ دے گی، ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔