اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سٹیل ملز ملازموں کو 6 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے مختص بجٹ میں سے 10 ارب روپے کی منظوری دی گئی، بیرونی قرض حاصل کرنے اور ادائیگیوں کیلئے لائبر کی جگہ سوفر پر عملدرآمد کا فیصلہ مؤخر کر دیا گیا، آئندہ ای سی سی اجلاس میں لائبر کے بجائے سوفر پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا اس وقت لندن انٹر بنک آفر ریٹ کے مطابق قرض حاصل اور بیرونی ادائیگیاں ہو رہی ہیں، آئندہ اجلاس میں لائبر کے بجائے سوفر پر عملدرآمد سے مالیاتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، سوفر پر عملدرآمد سے بیرونی فنانسنگ اور ادائیگیاں سیکیورڈ اوور نائٹ فنانسنگ ریٹ پر ہوں گی۔
نگران وزیرمنصوبہ بندی نے اہم معاشی اعشاریوں اور اشیاء کی قیمتوں پر بریفنگ دی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت، وزارت غذائی تحفظ کو چینی اور گندم کی قیمتوں، سٹاک کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، چیف سیکرٹریوں کے ذریعے اشیاء ضروریہ پر ناجائز منافع کو روکنے کی بھی ہدایت کی گئی۔