اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ میں 150 سے 200 ارب روپے کمی کا امکان پیدا ہوگیا۔
نگران وزیر خزانہ کے زیرصدرات صوبائی وزرائے خزانہ کا پی ایس ڈی پی بارے اجلاس ہوا، نگران وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی و صوبائی سیکرٹری خزانہ و پلاننگ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں اخراجات کو کم کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے حوالے سے صوبوں کو آگاہ کردیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا صوبے کٹوتی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے منصوبوں کی ترجیحات طے کریں، پرائمری بجٹ خسارے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ترقیاتی بجٹ پر کٹوتی لگائی جائے گی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔