نگران وفاقی وزیر صحت کی سعودی سفیر سے ملاقات، شعبہ صحت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

Published On 27 September,2023 05:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے سعودی سفیر سے ملاقات کی، ملاقات میں شعبہ صحت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق سعودی سفیر نے وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کا گرمجوشی سے استقبال کیا، سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی برادرانہ مضبوط تعلقات ہیں، ڈاکٹر ندیم جان نے کہا صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے۔

ملاقات میں گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال ہوا، سعودی سفیر نے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کے انعقاد اور اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے ہر اقدام کی حمایت کرے گی، ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ملک بھر میں ادویات کی فراہمی کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کیلئے مربوط اقدامات کئے جارہے ہیں۔

نگران وفاقی وزیر صحت نے کہا دوست ممالک سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پر مثبت بات چیت جاری ہے، پاکستان میں فارما پارک بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے، ادویات کی امپورٹ پر بلین ڈالر خرچ ہوتے ہیں، پاکستان میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے ذریعے مالیکیول کی تیاری سے ادویات کی سپلائی میں بہتری آئے گی۔

سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی ہیلتھ منسٹر اس سلسلے میں وزیرصحت سے ٹیلی فون پر رابطہ کرے گا، انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی عرب ہمیشہ کی طرح پاکستانی عوام کی فلاح کے منصوبوں میں بھرپور تعاون کرتا رہے گا۔