کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جلد دوست ممالک سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آنے والی ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی، گورنر سندھ نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں، مشکل اور نامساعد حالات میں بھی صحافی برادری نے شاندار خدمات انجام دی ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ حقائق عوام تک پہنچانے میں صحافیوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے، حنیف خالد کی صحافتی خدمات پر انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینا ایک اچھی روایت ہے جسے جاری رہنا چاہئے، حنیف خالد ملک کی سیاسی تاریخ کے اہم گواہ ہیں، انہوں نے ملک کی سیاست کے نشیب و فراز کا قریب سے مشاہدہ کیا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ جمہوریت کے قیام اور تسلسل میں صحافت کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے انتہائی اہم لمحات سے گزر رہا ہے، نگران حکومت ملکی معیشت کی مضبوطی اور تجارت و صنعت کے فروغ کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کے لئے تاجر برادری کا کردار اہم ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ صنعت و تجارت کی ترقی ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کی ضامن ہے۔