کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہمیں ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں آئی ٹی سمٹ کا ہونا خوش آئند بات ہے، ایکسپو سینٹر میں ہونے والے تمام پروگرام ملک کے لئے خوش آئند ہیں، مولانا بشیرفاروقی بھی ان لوگوں میں سے ہیں جو دوسروں کے لئے کام کرتے ہیں، ایسے لوگ جو ان پروگراموں کے انعقاد میں کردار ادا کرتے ہیں ان کا کردار مثالی ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی والوں کے لئے گورنر ہاؤس کے دروازے بھی کھلے ہیں، پاکستان میں وسائل کے ساتھ ساتھ اچھے لوگ بھی موجود ہیں، پاکستان کے سپہ سالار عاصم منیر کا کردار بھی بہت اہمیت کا حامل ہے، عاصم منیر نے ملک کی سکیورٹی کے ساتھ معیشت کے لئے بھی اہم کردار ادا کیا، وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں حوصلہ افزا باتیں ہوئی ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہم فلسطین پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف بھی آواز اٹھاتے رہیں گے، ہمیں کسی صورت یہ ظلم قبول نہیں، اگر جنگ بندی نہ کی گئی تو ہم بڑا فیصلہ بھی کرسکتے ہیں، ہم ان یہودیوں کے خلاف کھڑے ہوں گے، آواز اٹھائیں گے، اگر جنگ ان کو لڑنی ہے تو سرحدوں پر لڑیں، اس طرح معصوم بچوں، ماؤں، بہنوں پر ظلم نہ کریں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افغانی مافیا کے ساتھ مل کر شہر میں بچوں کو مار رہے ہیں، اس لئے کریک ڈاؤن کر رہے ہیں۔